اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ نے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاتارڑ پر کیس کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو کوئی خط نہیں لکھا اور نہ ہی وہ ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یورپی یونین کو پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس ختم کرنے کے لیے بھی کوئی خط نہیں لکھا گیا ،یہ سب من گھڑت افواہیں ہیں۔
نعیم حیدر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دور میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں پر جعلی پرچے درج کیے گئے ،عمران خان کو بھی جعلی مقدمات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وفاقی وزیرعطاتارڑ نے کوئٹہ میں ہونے والے وکیل کے قتل کا پرچہ بھی عمران خان پر درج کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عطاتارڑ پر کیس کرونگا۔
مزیدپڑھیں:پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے پی ٹی آئی ترجمان کو جیل سے ہدایات مل رہی ہیں، عطا تارڑ
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات چھوٹی سوچ کے مالک ہیں،ان کی پرفارمنس کیا ہے، یہ صرف جعلی مقدمات کراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہ سب کچھ مریم نواز اس کے والد اور اس کے چچا کی ایماپر ہو رہا ہے، میں آج بھی راولپنڈی گیا تھا اور اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہا ،کافی دیر کھڑے رہنے کے بعد بھی مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی ملاقات کے لیے جاتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ اوپر سے جب آرڈر آئے گا تو آپ کو ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں کون اوپر بیٹھا ہے جو واٹس ایپ پر یہ سارے فیصلے کر رہا ہے اور صرف انہی کو ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے جن کو اوپر سے نام آتا ہے۔