اسلام آباد(سعد عباسی) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن درخواست دینے کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایات پر شروع کی جانے والی اس سہولت کے تحت شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق پیر 19 اکتوبر سے لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے لیے ٹریفک ہیڈ کوارٹر فیض آباد اور دیگر پولیس خدمت مراکز میں یہ سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی، تاہم شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے ان خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکام کے مطابق تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس ٹی سی ایس کے ذریعے شہریوں کی دہلیز تک پہنچائے جائیں گے، جس سے لائسنس وصول کرنے کے لیے دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
پشاور: دیر کالونی میں اسکول کی عمارت ناقص تعمیر کے باعث منہدم ہوئی، رپورٹ پولیس چیف کو ارسال
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آن لائن درخواست دیتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل نمبر درج کریں، کیونکہ غلط یا نامکمل معلومات کی فراہمی سے لائسنس کی ترسیل میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو جدید اور آسان آن لائن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت اور وقت کی بچت ادارے کی اولین ترجیح ہے۔











