اتوار,  06  ستمبر 2026ء
یوم دفاع،صدر،وزیراعظم کا مسلح افواج کے غازیوں ، شہدا اور اہلخانہ کو خراج عقیدت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم دفاع پر مسلح افواج کے غازیوں ، شہدا اور اہلخانہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں کہا کہ 6ستمبر ہماری قومی تاریخ میں ایک یادگار مقام رکھتا ہے،یومِ دفاع و شہدا ہمیں عظیم قومی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے دی گئی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

1965میں مسلح افواج نے دشمن کے مذموم عزائم ہر محاذ پر ناکام بنائے،پوری قوم کی جانب سے شہدا، غازیوں اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتا ہوں،شہدا نے خون اور قربانیوں سے حب الوطنی کی لازوال داستانیں رقم کیں،شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ جب قوم دفاع وطن کیلئے متحد ہو جائے تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، 6ستمبر کا جذبۂ حب الوطنی بنیان المرصوص کی کامیابی میں ایک بار پھر نمایاں ہوا،معرکۂ حق میں حاصل فتح 6 ستمبر کے جذبۂ حب الوطنی اور آزادی کا تسلسل ہے۔

صدر مملکت نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں،عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی حقیقت تسلیم کرنا ہوگی۔

انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پراکسی عناصر کے ذریعے دہشتگردی کے فروغ سے باز آنا ہوگا،مسلح افواج نے وطن کے دفاع کیلئے غیرمتزلزل عزم کا عملی مظاہرہ کیا،پوری قوم آج بھی اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مضبوط دفاع کے ساتھ معاشی استحکام بھی پاکستان کی طاقت کی بنیادی اساس ہے،سیاسی رواداری، قومی یکجہتی، تعلیم اور ترقی پاکستان کی طاقت کے اہم ستون ہیں،شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور اہلخانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔

وزیراعظم کا یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر قوم کے نام پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کے غازیوں ، شہدا اور اہلخانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا  کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا درخشا ں باب ہے،1965 میں مسلح افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر فیصلہ کن شکست دی،پاکستان نے 1965 میں اتحاد ، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی نوجوان نے 6 سال میں اپنی مدد آپ کے تحت ہیلی کاپٹر تیار کر لیا

6ستمبر نے قومی تاریخ میں قابل رشک اور لازوال میراث رقم کی، معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن کو ایسا جواب دیا جسے نسلیں یاد رکھیں گی،پوری قوم کو پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک نیوی پر فخر ہے،آپریشن بنیان مرصوص نے عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا،6 ستمبر کا جذبہ آج بھی پوری قوت سے زندہ ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ موجودہ چیلنجز مزید قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضا کرتے ہیں، غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ آج ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہے،پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے ویژن کے مطابق ڈھالنا ہے،معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح حکومت کی ترجیحات ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا،علاقائی چیلنجز کے حل کیلئے تعاون اور مکالمے کو ترجیح دی جائے گی،مضبوط دفاع پائیدار امن اور ترقی کی بنیاد ہے،پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید خبریں