جمعه,  04  ستمبر 2026ء
قومیں وسائل سے نہیں، شعور اور ایماندار قیادت سے بنتی ہیں، محمد فاروق یاسر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)عوامی تحریک نجات کے بانی و سربراہ محمد فاروق یاسر نے کہا ہے کہ قومیں صرف وسائل سے نہیں بلکہ شعور، اتحاد اور مخلص و ایماندار قیادت سے بنتی ہیں۔ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے عوام کو تقسیم در تقسیم کی سیاست سے نکل کر اہل، دیانتدار اور محب وطن قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد فاروق یاسر نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے اتحاد ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ قیادت ایماندار، مخلص اور اہل افراد کے ہاتھ میں ہو تو مشکلات کے باوجود ترقی کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں ایسے افراد کی اکثریت ہے جو عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات اور دولت بنانے کے لیے سیاست میں آتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت اور کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کی کردار کشی اور مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔محمد فاروق یاسر کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ہونے والی قانون سازی کا بڑی حد تک مقصد سیاسی اشرافیہ یا ان کے خاندانوں کے مفادات کا تحفظ رہا، جبکہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے اور ملک کو مضبوط بنانے کے لیے طویل المدتی پالیسیاں بنانے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے تعلیم کو ملکی ترقی کی بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جن ممالک نے اپنے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کی، انہوں نے ترقی کی منازل تیزی سے طے کیں۔ پاکستان میں بھی تعلیم کے نظام کو ترجیح دے کر اسے بہتر بنانا ہوگا، کیونکہ باشعور اور تعلیم یافتہ قوم ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور دیگر مسائل کا سامنا ہے جبکہ ملک پر قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اگر عوام چاہتے ہیں کہ حالات تبدیل ہوں تو انہیں دو بنیادی اقدامات کرنا ہوں گے، ایک دوسرے کے اختلافات ختم کرکے متحد ہونا اور دوسرا مخلص، ایماندار اور اہل قیادت کو آگے لاناہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام اکثر ایک سیاسی نمائندے کی ناقص کارکردگی کے بعد دوسرے کو موقع دیتے ہیں اور اسی طرح بار بار انہی لوگوں کے گرد گھومتے رہتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے افراد کو منتخب کیا جائے جو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت اور ملکی ترقی کا جذبہ رکھتے ہوں۔محمد فاروق یاسر نے کہا کہ ہر علاقے اور ہر طبقے میں اچھے، مخلص اور ایماندار لوگ موجود ہیں جو ملک کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، عوام کو چاہیے کہ ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں آگے آنے کا موقع دیں۔فوج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عوامی تحریک نجات کے سربراہ نے کہا کہ وہ پاکستان کی فوج سے محبت کرتے ہیں اور ملک کے دفاع میں اس کے کردار کو اہم سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج ملک کی محافظ ہے، تاہم سیاسی معاملات میں اس کا کردار آئینی اور ملکی مفاد کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاستدان عوامی مسائل حل کرنے اور ملک کو آگے لے جانے میں ناکام ہوں تو قومی اداروں کو اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے ملکی استحکام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔محمد فاروق یاسر نے کہا کہ ’’نجات‘‘ کا نام سوچ سمجھ کر رکھا گیا ہے، کیونکہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، جرائم اور دیگر مشکلات سے نجات چاہتے ہیں۔ عوامی تحریک نجات کا مقصد ان مسائل کے خلاف جدوجہد اور عوام کی خدمت ہے۔ پارٹی کا بنیادی مقصد کسی مخصوص سیاسی جماعت کی مخالفت نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل اور ملک کی ترقی ہے۔اقتدار اور عوامی مینڈیٹ ملنے کی صورت میں تحریک عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تحریک نجات کو موقع ملا تو ملک کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور اس کا ثبوت باتوں کے بجائے عملی کارکردگی سے دیا جائے گا۔

مزید خبریں