لاہور (روشن پاکستان نیوز) 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے اور صارفین کی عمر کی مؤثر تصدیق کا نظام متعارف کرانے کے لیے قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد رکن پنجاب اسمبلی اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو سائبر بُلیئنگ، ڈیجیٹل استحصال اور نامناسب مواد سے محفوظ رکھنے کے لیے قانون سازی ناگزیر ہے۔
قرارداد میں وفاقی حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کم عمر صارفین کے سوشل میڈیا استعمال کی نگرانی اور ضابطہ کار کے لیے مؤثر نظام قائم کیا جائے۔
قرارداد میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ آسٹریلیا، فرانس، چین اور امریکہ کی بعض ریاستوں میں بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے اسی نوعیت کے اقدامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں۔
سارہ احمد کا کہنا ہے کہ محفوظ ڈیجیٹل ماحول ہر بچے کا بنیادی حق ہے، جس کے تحفظ کے لیے بروقت قانون سازی ضروری ہے۔











