اتوار,  03 مئی 2026ء
کراچی کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا

کراچی(روشن پاکستان نیوز) کراچی میں پولیس اور رینجرز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں پولیس نے ایک کامیاب چھاپہ مار کر جدید اسلحے کا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے تقریباً 100 کے قریب مختلف اقسام کے جدید ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اسلحے میں 42 ریپیٹر، 12 ایم فور رائفلز، 4 رائفلیں، 9 ایم ایم کے 5 پستول، ترکی ساختہ رائفل اور 7 ایم ایم کی رائفلیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف ہتھیاروں کے اسپیئر پارٹس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

آبنائے ہرمز سےگزرنے والا پاکستانی جہاز خام تیل لےکرکراچی پورٹ پہنچ گیا

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم غیر قانونی طور پر اسلحہ فروخت کرنے کے دھندے میں ملوث ہے، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب رینجرز نے صفورا چورنگی کے قریب ڈیسنٹ گارڈن میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم زوہیب ولد چوہدری محمد سرور جٹ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کے قبضے سے 5 ایم فور رائفلز، 30 بور، 12 بور اور 222 بور کی رائفلیں برآمد ہوئیں۔

علاوہ ازیں ایئر گن، موبائل فونز، سونے کی چین، نقدی، 132 میگزین، 70 ایمونیشن اور ناکارہ اسلحہ کے پرزہ جات بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

ترجمان رینجرز نے انکشاف کیا کہ ملزم سے 13 جعلی اسلحہ لائسنس، اسلحہ پنچنگ کے اوزار، نجی سیکیورٹی کمپنی کی مہریں، جعلی اتھارٹی لیٹر کی 9 کتب اور بلوچستان کے 3 اسلحہ لائسنس بھی ملے ہیں۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ دہشت گردی یا دیگر سنگین غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے کا اندیشہ تھا۔ گرفتار ملزم کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں