پنجاب حکومت نے بسنت 2027ء کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے

لاہور: حکومتِ پنجاب نے بسنت 2027ء کے انعقاد کے لیے نئے کائٹ فلائنگ قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ ان ہدایات کو لاہور سمیت صوبے بھر کے متعلقہ حکام، جن میں سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، سی پی اوز اور سی ٹی اوز شامل ہیں، کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

نئے قواعد کے مطابق پتنگ بازی کے دوران چھتوں پر بھاگنے، کودنے اور خطرناک حرکات کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی مقام پر گنجائش سے زیادہ افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں تک محدود ہوگی، جہاں کم از کم ساڑھے تین فٹ اونچی چار دیواری موجود ہونا لازمی ہے، تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

مزید برآں، پتنگ بازی کے دوران شور شرابہ، ڈی جے سسٹمز کا استعمال اور ایسی سرگرمیاں جو ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بنیں، قابلِ سزا جرم قرار دے دی گئی ہیں۔

لاہور۔۔۔محبت۔۔۔بسنت اور مریم نواز ۔۔۔کہ دل ہوا بو کاٹا

حکام کے مطابق ان قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالکان اور ایونٹ کے منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کے تہوار کو محفوظ اور مہذب انداز میں منانا ہے، تاکہ شہری کسی بھی قسم کے حادثات اور نقصانات سے محفوظ رہ سکیں۔

مزید خبریں