اتوار,  05 اپریل 2026ء
اسلام آباد: جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز جاری

اسلام آباد(سعد عباسی) وفاقی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ اور کومنگ آپریشنز جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر میں سیکیورٹی کو مؤثر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی نگرانی میں زونل ایس پیز نے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشنز کیے۔

حکومت گرفتار کئے گئے تمام تاجروں کو فوری رہا کرے، اجمل بلوچ

پولیس کے مطابق ان آپریشنز کے دوران 2,679 افراد، 1,133 گھروں، 98 ہوٹلوں، 338 دکانوں، 958 موٹر سائیکلوں اور 356 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ مزید برآں، 4 افغان شہریوں سمیت 88 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تھانوں منتقل کیا گیا جبکہ 74 موٹر سائیکلوں کو بھی جانچ پڑتال کے لیے تحویل میں لیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ آپریشنز شہر کے مختلف علاقوں میں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔

اسلام آباد پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن “پکار” 15 پر دیں۔

مزید خبریں