اسلام آباد(سائرہ اختر سے) صحافی راجہ اسرار حسین کو مبینہ طور پر بری امام کے ایک ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کے سگے بھائی کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے واقعے پر نیشنل پریس کلب کی نومنتخب باڈی نے سخت مذمت کی ہے۔
نیشنل پریس کلب کے عہدیداران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو دھمکیاں دینا آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اسلام آباد میں خاتون رپورٹر پر حملہ، پولیس کی مبینہ غفلت پر تنقید
پریس کلب کی قیادت نے پولیس اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے بھی مطالبہ کیا کہ صحافی کو دی جانے والی دھمکیوں کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی برادری کے تحفظ اور آزادیٔ صحافت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ایسے واقعات کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔











