بجلی صارفین اگلے ماہ اضافی بل دینے کے لیے تیار ہوجائیں!

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 64 پیسے اضافے کا امکان ہے، منظوری کی صورت میں یہ اضافہ صارفین کے آئندہ ماہ کے بلوں میں شامل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں فروری کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹکی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 64 پیسے فی یونٹ اضافے کا قوی امکان ہے، جس پر حتمی فیصلہ کل ہونے والی سماعت میں کیا جائے گا۔

اگر نیپرا نے اس اضافے کی منظوری دے دی تو ملک بھر کے صارفین پر 14 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک (کراچی) سمیت ملک بھر کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے دی گئی درخواست میں فروری کے مہینے میں بجلی کی پیداوار اور لاگت کے حوالے سے اہم تفصیلات جاری کی گئیں۔

لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

درخواست میں بتایا گیا فروری میں بجلی کی اصل پیداواری لاگت 8 روپے 15 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ ڈسکوز (DISCOs) کو فراہم کی جانے والی بجلی کی لاگت 8 روپے 37 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔

فروری کے لیے پہلے سے طے شدہ ریفرنس لاگت 6 روپے 73 پیسے فی یونٹ تھی، جس میں فرق کی بنیاد پر اب اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فروری کے دوران مجموعی طور پر 7 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جس میں سے 7 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ یونٹس تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کیے گئے۔

نیپرا کل (منگل) سی پی پی اے کی اس درخواست پر عوامی سماعت کرے گا، جس میں بجلی مہنگی کرنے کے جواز کا جائزہ لیا جائے گا۔ منظوری کی صورت میں یہ اضافہ صارفین کے آئندہ ماہ کے بلوں میں شامل کیا جائے گا۔

مزید خبریں