کراچی (روشن پاکستان نیوز) سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں تعطیلات ختم ہونے کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا فزیکل کلاسوں کے حتمی شیڈول کااعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں جاری تعطیلات 31 مارچ کو ختم کرنے کا اشارہ دے دیا۔
اسٹیرنگ کمیٹی کے پہلے سے طے شدہ فیصلے کے تحت یکم اپریل سے نیا تعلیمی سال شروع کرنے اور تدریسی عمل بحال کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں نیا تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع ہوگا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، پہلی ترجیح آن لائن کلاسز کے بجائے فزیکل کلاسز (باقاعدہ حاضری) کو بحال کرنا ہے تاکہ طلبہ کے تعلیمی حرج کا ازالہ ہو سکے۔
لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا
یاد رہے کہ حالیہ ملکی اور علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ تعلیم نے 31 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس دوران تعلیمی سلسلہ تعطل کا شکار رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فزیکل کلاسوں کے حوالے سے حتمی شیڈول کا اعلان سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکیورٹی، ایندھن کی صورتحال اور تعلیمی کیلنڈر کا جائزہ لے کر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
والدین اور طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ یکم اپریل سے اسکولوں کی واپسی کے لیے تیار رہیں، تاہم حتمی اعلان کابینہ کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔











