اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چین نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے خطے میں استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے قیام اور سفارتی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری پاکستان کے اصولی مؤقف کی عکاسی کرتی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
پاکستان اور چین نے اپنی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون اور ہم آہنگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
گفتگو میں فوری جنگ بندی، مذاکرات کی بحالی اور عام شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سمندری راستوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کو عالمی امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں بڑی کمی، امریکی نیوز چینل نے سروے جاری کردیا
رابطے کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
چین نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے خطے میں استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔











