کوئٹہ (روشن پاکستان نیوز) پیٹرول بچانے کے لیے سرکاری دفاترمیں ہفتے میں 4 دن کام کرنے کا نیا معمول نافذ کردیا گیا، تاہم مخصوص دنوں میں دفاتر بند رکھے جائیں گے۔
حکومتِ بلوچستان نے بڑھتے ہوئے اخراجات اور پیٹرولیم مصنوعات کے بحران پر قابو پانے کے لیے صوبے بھر میں جامع کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کر دیا۔
صوبائی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں سرکاری دفاتر کے معمولات میں انقلابی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
حکومتی فیصلے کے تحت اب سرکاری دفاتر ہفتے میں صرف 4 دن کام کریں گے، جبکہ مخصوص دنوں میں دفاتر مکمل طور پر بند رکھے جائیں گے۔
اس کے علاوہ دفاتر میں رش کم کرنے اور ایندھن بچانے کے لیے 50 فیصد سرکاری عملہ باری باری کی بنیاد پر گھر سے کام کرے گا۔
پاکستان میں پیٹرول بحران کا خدشہ! حکومت کے پاس 2 آپشن رہ گئے
صوبائی حکومت نے تمام سرکاری اجلاسوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کرنے کی سختی سے ہدایت کی ہے جبکہ سفری اخراجات اور پیٹرول کے ضیاع کو روکنے کے لیے افسران کے ‘فزیکلی’ اجلاسوں میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سیمینارز، ورکشاپس اور ٹریننگ پروگرامز صرف پیشگی اجازت کے بعد ہی منعقد کیے جا سکیں گے اور ان کے لیے نجی ہوٹلوں کے بجائے صرف سرکاری عمارتوں کا استعمال کیا جائے گا۔
ان تمام اقدامات کا مقصد صوبائی خزانے پر بوجھ کم کرنا اور پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں واضح کمی لانا ہے۔











