منگل,  24 مارچ 2026ء
ملک بھر میں اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، چھ ملزمان گرفتار

اسلام آباد (عرفان حیدر) ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائیوں کے دوران ملک بھر میں پانچ مختلف مقامات پر چھ ملزمان، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، گرفتار کیے گئے جبکہ 19 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 16.28 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

حیدرآباد میں شاپنگ مال کے قریب ایک خاتون سے 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزمہ گرفتار کی گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ابوظہبی جانے والے مسافر کے جوتوں سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی شہر میں ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 2.4 کلو گرام چرس اور 750 گرام آئس برآمد ہوئی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان گرفتار کیے گئے۔ لاہور ملتان روڈ پر سٹیشن کے قریب ایک گاڑی سے 530 گرام وزنی آئس بھرے 92 کیپسولز برآمد ہوئے، جن کے دو ملزمان بھی گرفتار ہوئے۔

تمام کارروائیاں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت کی گئی ہیں اور مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ ملک میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی تاکہ معاشرے میں امن و امان قائم رہے اور نوجوان نسل کو منشیات کے خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید خبریں