اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) 86ویں یومِ پاکستان کے موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خصوصی پیغام میں قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ پاکستان ہمیں تحریکِ پاکستان کے عظیم مقاصد، قربانیوں اور قائدین کی لازوال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خودمختار ریاست بنائیں گے۔ علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی وحدت اور یکجہتی ناگزیر ہو چکی ہے۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی طبقات کو اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے برادر اسلامی ملک ایران پر جاری امریکی و اسرائیلی جارحیت پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال نہ صرف خطے کے امن بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم ممالک بالخصوص پاکستان کو اس جارحیت کو فوری طور پر بند کروانے کے لیے عملی، مؤثر اور متحدہ سفارتی و سیاسی اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ خطے میں مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔ علامہ شبیر میثمی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے عالمی قوانین کی مسلسل اور کھلم کھلا خلاف ورزی پر عالمی و مسلم برادری کی خاموشی اور بے عملی مزید تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے تحریکِ پاکستان کے شہداء اور قائدین کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی عظیم قربانیوں کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت حاصل ہوئی
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو داخلی و خارجی خطرات سے محفوظ رکھے اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔ آمین











