اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی کی خبروں کو مسترد کردیا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج پروازوں کی تاخیر کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام ان خبروں پر یقین نہ کریں، اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل جاری ہے، وزارتِ مذہبی امور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہو سکیں، حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔
پاکستان سے پہلی حج پرواز 19 اپریل کو روانہ ہو گی
وزارت کے ترجمان کے مطابق عید الفطر کے بعد عازمین کو ان کی حج پروازوں، مکہ اور مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ وہ اپنی روانگی کی تیاری اطمینان کے ساتھ کر سکیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ‘غیر مصدقہ خبروں پر بھروسہ نہ کریں’۔











