اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافر کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی ، جس کے تحت مسافر ایئرپورٹ پرہی کرنسی تبدیل کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فارن کرنسی ایکسچینج کاؤنٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ کی حدود میں ہی کرنسی کی تبدیلی کی فوری سہولت فراہم کرنا ہے۔
کرنسی ایکسچینج کاؤنٹر کا افتتاح ڈائریکٹر کمرشل و اسٹیٹ رابعہ سلمیٰ نے کیا، اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر اور کمرشل ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم بھی موجود تھی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام کے مطابق یہ کاؤنٹر ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل آرائیول لاؤنج میں قائم کیا گیا ہے۔
ائیر پورٹ اتھارٹی نے فضائی حدود کی مختلف اوقات میں بندش کا نوٹم جاری کر دیا
اس اقدام سے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافر اب ایئرپورٹ سے باہر نکلنے سے پہلے ہی اپنی غیر ملکی کرنسی کو مقامی کرنسی (روپے) میں تبدیل کر سکیں گے۔
مسافروں کو مقامی کرنسی کے حصول کے لیے اب ایئرپورٹ سے باہر شہر کے دیگر ایکسچینج سینٹرز پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ایئرپورٹ کی حدود میں بینکنگ اور ایکسچینج کی سہولت سے مسافروں کو محفوظ طریقے سے کرنسی کی تبدیلی کی سہولت ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈائریکٹر کمرشل رابعہ سلمیٰ نے اس موقع پر کہا کہ مسافروں کو مقامی کرنسی کے حصول میں فوری سہولت میسر ہوگی جس سے ان کا سفر مزید آرام دہ ہو جائے گا۔











