لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ریلویز نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، یہ فیصلہ عید الفطر سے چند روز قبل سامنے آیا ہے جس سے مسافروں پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافے کے باعث کرایوں میں تبدیلی ناگزیر تھی۔ نئے فیصلے کے تحت اکانومی کلاس کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کا کہنا ہے کہ اے سی کلاسزکے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، مال گاڑیوں کے کرایوں میں 20 فیصد تک بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ مسافر ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات کا ایک بڑا حصہ ریلویز خود برداشت کرے گا تاکہ مسافروں پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔ ان نئے کرایوں کا اطلاق 9 مارچ سے تمام ٹرینوں پر ہوگا۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل 55، 55 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا
تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ جن مسافروں نے پہلے سے بکنگ کروا رکھی ہے، ان پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ٹرین آپریشن جاری رکھنے کے لیے یہ قدم اٹھانا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل 55، 55 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا ہے، ایک لیٹر پٹرول 321 روپے 17 پیسے کا ہو گیا، ایک لیٹر ڈیزل 335 روپے 86 پیسے کا ہو گیا، مٹی کا تیل 130 روپے 8 پیسے مہنگا ہو کر 318 روپے 81 پیسے لیٹرہو گیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کے پہلے سے موجود ذخیرے کی قیمت میں اچانک بڑے اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان اٹھنے کا شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے، مصنوعات اور سروسز فراہم کرنے والے اپنی قیمتیں بڑھا رہے ہیں لیکن سارا بوجھ عوام اور مزدوروں پر آ گیا ہے۔











