اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز) قومی اسمبلی میں منگل کے روز معمول کی کارروائی معطل کرکے ارکان نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بحث کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے خطاب کرتے ہوئے ایران اور مسلم دنیا کیلئے آیت اللہ علی خامنہ ای کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے امت مسلمہ کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں اسرائیل کی کارروائیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔
سحر کامران کا آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اظہارِ افسوس، عوام سے پرامن احتجاج کی اپیل
سحر کامران کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک مضبوط اور متوازن خارجہ پالیسی اپنانی چاہیے جو امن، استحکام اور بے گناہ انسانوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ خطے میں امن کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔











