اسلام آباد (سعد عباسی) رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں مساجد اور امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے نماز تراویح اور سحری کے اوقات میں ضلع بھر کی مساجد کے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران کو فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے بریف کیا۔ افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری، نظم و ضبط اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کے افسران کی چھٹیاں منسوخ
اسی دوران اسلام آباد پولیس کی “اسلحہ سے پاک شہر” مہم تیزی سے جاری ہے۔ تھانہ نیلور پولیس ٹیم نے مختلف کارروائیوں کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کی گئی ہے۔
مزید کارروائیوں میں تھانہ ترنول، تھانہ سنگجانی، تھانہ کھنہ، تھانہ نیلور، تھانہ بہارہ کہو، تھانہ شہزاد ٹاون اور تھانہ بنی گالہ پولیس ٹیموں نے 15 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے 1,245 گرام آئس، 1,050 گرام چرس اور 10 عدد مختلف بور کے پستول معہ ایمونیشن برآمد کی۔
اس دوران مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفرروان کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم کے تحت 32 مجرمان بھی گرفتار کیے گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری اطلاع متعلقہ تھانہ یا ایمرجنسی ہیلپ لائن “پکار” 15 پر دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔










