اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے جی ٹی روڈ کے 26 نمبر سے حسن ابدال تک اچانک دورہ کیا اور سڑک کی مجموعی صورتحال، ٹریفک روانی اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، سلطان احمد چوہدری نے دورے کے دوران مختلف مقامات پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور عوام کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی نے سڑک کے انفراسٹرکچر، سائن ایج، روشنی اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بعض مقامات پر بہتری کے لیے فوری ہدایات بھی جاری کیں۔
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند
دورے کے دوران آئی جی موٹروے پولیس نے سنگجانی میں قائم ایچ ٹی ویز (ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز) ڈرائیونگ ٹریک ایریا کا بھی معائنہ کیا، جہاں ڈرائیورز کی تربیت اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تربیتی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ آئی جی نے سنگجانی وہیکل امپاؤنڈ ایریا اور ویٹ اسٹیشنز کا بھی دورہ کیا۔ معائنے کے دوران نظام کو مزید شفاف، فعال اور مؤثر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ بھاری گاڑیوں کی نگرانی، وزن کے تعین اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق، آئی جی سلطان احمد چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر سفر کرنے والوں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سہولیات کی فراہمی موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











