اسلام آباد(عرفان حیدر) ایئر انٹلیجنس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے دوران پانچ مختلف کارروائیوں میں چھ ملزمان کو گرفتار کر کے 21 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی، جس کی مجموعی مالیت 23 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران ایک مرد اور خاتون کے جوتوں سے 800 گرام آئس اور 600 گرام چرس برآمد کی گئی۔ کراچی بس ٹرمینل کے قریب ایک ملزم سے 8 کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔ اسلام آباد کے قریب چونگی نمبر 26 پر گاڑی سے 5.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب ایک سٹیل الماری سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ملزم بھی گرفتار کیا گیا۔ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 1.2 کلوگرام چرس اور 50 گرام آئس برآمد کی گئی اور ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور شہروں میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن
کاروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف نے کہا ہے کہ ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام اور نوجوانوں کو منشیات کے خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔











