جمعرات,  19 فروری 2026ء
پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر عظیم شخص ہیں، امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو پسند کرتا ہوں، پاکستان کے فیلڈ مارشل عظیم شخص ہیں۔

واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس کے موقع پر افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے مار گرائے گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بار پھر پاکستان کی تعریف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  ایک بار پھر پاکستان کی تعریف کی اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو پسند کرتا ہوں، پاکستان کے فیلڈ مارشل، عظیم جنرل، عظیم فیلڈ مارشل اور عظیم شخصیت ہیں، وہ ٹف اور اچھے فائٹر ہیں، مجھے ٹف فائٹرز پسند ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ شدت اختیار کر رہی تھی، ہم نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پاک بھارت جنگ رکوائی، بھارتی وزیراعظم مودی کو بتا دیا تھا کہ جنگ نہ روکی تو بھاری ٹیرف لگائیں گے، پاک بھارت جنگ میں 11 جیٹ طیارے گرائے گئے۔

امن بورڈ کے رکن ممالک غزہ کیلئے 5 ارب ڈالر اور ہزاروں اہلکار دینے کا وعدہ کر چکے ، ٹرمپ

 ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے 8 جنگیں ختم کروائیں، نویں جنگ خاتمے کے قریب ہے، پائیدار امن کےلیے غزہ امن بورڈ اہم فورم ہے، ہمارے امن بورڈ کی طرح مضبوط اور اہم دوسرا کوئی بورڈ موجود نہیں، اس میں دنیا کے اہم ممالک شامل ہوئے ہیں، اپنے اہداف اور اہمیت کے حوالے سے امن بورڈ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہم غزہ کے لوگوں کے لیے روشن مستقبل چاہتے ہیں، آرمینیا اور آذربائیجان نے امن کا انتخاب کرتے ہوئے معاہدہ کیا۔

تقریباً 10 دنوں میں ایران کے بارے میں پتا چل جائے گا، ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ  ایران کے ساتھ اچھی بات چیت ہو رہی ہے، با معنی معاہدہ کرنا ہے،  تقریباً 10 دنوں میں ایران کے بارے میں پتا چل جائے گا، ہمیں اس کے ساتھ کچھ کام کرنا ہے، ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، اس کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے تو خطے میں امن ممکن نہیں ہوگا۔

 امریکا امن بورڈ کے لیے 10 ارب ڈالر کا حصہ ڈالے گا، ٹرمپ

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا امن بورڈ کے لیے 10 ارب ڈالر کا حصہ ڈالے گا، ابھی کچھ دیر میں اقوام متحدہ سربراہ انتونیو گوتریس سے بات کروں گا، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اقوام متحدہ قابل عمل رہے، اقوام متحدہ بہت اہم ہے اور اپنی صلاحیت کے مطابق کام کرے گی، غزہ کے لیے اقوام متحدہ امدادی دفتر 2 ارب ڈالر جمع کر رہا ہے، غزہ میں فٹبال پراجیکٹ کے لیے فیفا 75 ملین ڈالر جمع کرنے میں مدد کرے گا، چین اور روس بھی اس میں شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ غزہ امن بورڈ کا اجلاس ڈونلڈ ٹرمپ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں ہوا، وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس شروع ہونے سے پہلے شرکاء کا گروپ فوٹو ہوا، غزہ امن بورڈ اجلاس میں پاکستان سمیت 47 ممالک شریک تھے ، اسرائیل اور یورپی یونین بھی شرکت کریں گے۔

مزید خبریں