اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ انہیں ایوانِ صدر میں منعقدہ خصوصی تقریبِ سرمایہ کاری اور سرکاری ضیافت میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا، جہاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازا۔
اپنے بیان میں سحر کامران نے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط، دیرپا اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور موجودہ قیادت کے دور میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
زرداری محسنِ جمہوریت، آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس بنانا احسن اقدام ہے، سحرکامران
سحر کامران کا کہنا تھا کہ صدر شوکت مرزیایوف کو نشانِ پاکستان دیا جانا نہ صرف ازبکستان کے ساتھ دوستی کا اعتراف ہے بلکہ خطے میں تعاون، تجارت اور باہمی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی روابط مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ایسی تقریبات دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔











