اسلام آباد(کرائم رپورٹر) تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں جان لیوا پتنگ بازی کے خلاف ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو تنویر حسین مکسی کی جانب سے اعلان کردہ “زیرو ٹالرنس” پالیسی کے تحت بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہے۔
کارروائی کے دوران تھانہ بھارہ کہو پولیس نے پتنگ بازی میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لیں، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پتنگ بازی کی اجازت دینے کا قانون جاری کر دیا
اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو تنویر حسین مکسی نے تھانے کے تمام افسران و اہلکاروں کو سخت اور واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی اور اس کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف پتنگ بازی کرنے والوں بلکہ پتنگ فروخت کرنے والوں اور اس غیر قانونی کاروبار کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایچ او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور پتنگ بازی جیسے خطرناک فعل سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں پتنگ بازی کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔











