اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی/اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے سالانہ انتخابات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق تمام عہدیداران بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
انتخابی نتائج کے مطابق آصف بشیر چوہدری کو آر آئی یو جے کا صدر منتخب کیا گیا، جبکہ توصیف عباسی اور رشید ملک کو نائب صدور کے عہدے پر منتخب کیا گیا۔ خاص طور پر توصیف عباسی اور رشید ملک کی انتخاب میں کامیابی کو صحافتی حلقوں میں اہم پیش رفت کے طور پر سراہا جا رہا ہے، کیونکہ دونوں نے اپنی مسلسل محنت اور صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ میں بھرپور کردار کے باعث یہ مقام حاصل کیا۔
بشیر عثمانی کو جنرل سیکریٹری اور اظہار خان نیازی کو فنانس سیکریٹری منتخب کیا گیا۔ اسی طرح راجہ عمران جنجوعہ اور رانا فرحان اسلم کو جوائنٹ سیکریٹریز کے طور پر منتخب کیا گیا۔
ایگزیکٹو کونسل کے اراکین میں عائشہ ناز، علی اختر، نوابزادہ شاہ علی، شہزاد راجپوت، حمید عباسی، اسد شرر، غفران چشتی، نور ایمن زہرا، اعجاز احمد فکری اور دوست محمد شامل ہیں۔
قائمقام صدر اور اسپیکر قومی اسمبلی نے آر آئی یو جے کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نومنتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحافی برادری کے مسائل کے حل، آزادیٔ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ خاص طور پر توصیف عباسی اور رشید ملک کو نائب صدارت میں منتخب ہونے کے بعد صحافتی برادری کے لیے امید کی کرن قرار دیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ صحافیوں کے مسائل اجاگر کرنے اور آزادیٔ صحافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
قائمقام صدر اور اسپیکر قومی اسمبلی کی آر آئی یو جے کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد










