اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بسنت 2026 کے موقع پر صوبائی حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اہم فیصلے کر لیے۔
پتنگوں پر مذہبی، سیاسی اور قومی نوعیت کی علامات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ صوبے بھر میں 30 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت جاری کردہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت لاہور میں 6 سے 8 فروری 2026 تک صرف سادہ یک رنگی یا کثیر رنگی پتنگیں اڑانے کی اجازت ہو گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت پنجاب نے لاہور میں محدود پیمانے پر اور طے شدہ ضابطوں کے تحت بسنت منانے کی اجازت دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے صوبائی حکومت کی منظوری سے پنجاب پتنگ بازی ایکٹ 2025 کی دفعہ 6(1) کے تحت 6 سے 8 فروری 2026 تک لاہور کی ضلعی حدود میں پتنگ بازی کی اجازت کا نوٹیفکیشن 29 دسمبر 2025 کو جاری کیا تھا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق محکمہ اطلاعات و ثقافت کو بھی عوامی آگاہی کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو بسنت سے متعلق قوانین اور پابندیوں سے آگاہ رکھا جا سکے۔
شعلے فلم کا حقیقت میں ری پلے، ’’ویرو‘‘ سے شادی کے لیے ’’بسنتی‘‘ ٹاور پر چڑھ گئی
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کی روایت کو بحال رکھتے ہوئے شہریوں کے تحفظ، قانون کی عملداری اور فرقہ وارانہ و سیاسی حساسیت کے پیش نظر امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔











