بدھ,  07 جنوری 2026ء
دل دہلا دینے والا واقعہ: ماں نے آشنا کے ساتھ مل کراپنے ہی بچوں کو تیزاب پھینک کر قتل کر ڈالا

بھمبر (کرائم رپورٹر) ماں نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے تین معصوم بچوں کو تیزاب ڈال کر قتل کرنے کے بعد دفن کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھمبر آزاد کشمیر میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں تیزاب سے قتل کیے گئے تین معصوم بچوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔

پولیس نے بتایا کہ بچوں کی والدہ نے مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے ہی بچوں کو قتل کیا اور بعد ازاں لاشیں قریبی نالے میں دفن کر دیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا تعلق سرائے عالمگیر سے ہے اور اس کے آشنا کی شناخت بابر کے نام سے ہوئی ہے۔

خاتون مبینہ طور پر دس روز قبل اپنے تینوں بچوں کو ساتھ لے کر گھر سے فرار ہو کر بھمبر پہنچی تھی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے تینوں بچوں پر تیزاب ڈال کر انہیں قتل کیا، جاں بحق بچوں میں 7 سالہ فجر فاطمہ، 4 سالہ حرم فاطمہ اور 2 سالہ محمد ذکریا شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، 14 ملزمان گرفتار

واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب بچوں کے والد نے پولیس میں درخواست دی، اطلاع ملنے پر سرائے عالمگیر کے تھانہ صدر میں مقدمہ درج کیا گیا۔

بعد ازاں پنجاب پولیس اور بھمبر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا اور دورانِ تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر بچوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔

مزید خبریں