بدھ,  07 جنوری 2026ء
قائدِعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ: رکن قومی اسمبلی سحر کامران کا شاندار خراجِ عقیدت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیرِاعظم قائدِعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

سحر کامران نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم، مدبر اور عوام دوست رہنما تھے جنہوں نے نہ صرف عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا بلکہ 1971 کے بعد پاکستان کی عزت و وقار کو بحال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور ملک کو متفقہ 1973 کا آئین دیا جو آج بھی جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔

مزید پڑھیں: نئے سال 2026 پر سحر کامران کا قوم کے نام پیغام، امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کی دعا

انہوں نے کہا کہ قائدِعوام کی قربانیاں اور جدوجہد ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور ان کی خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ سحر کامران نے اس موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ایک نایاب اور خصوصی دستخط شدہ تصویر کا بھی ذکر کیا جو ان کے ماموں، معروف فوٹو جرنلسٹ داؤد سبحانی نے لی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی قائدِعوام کے افکار اور مشن پر عمل پیرا ہے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید خبریں