اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے روس کے صدر ولادی میر پوتن کے رہائش گاہ پر حملے کی اطلاعات پر شدید تشویش اور گہری پریشانی کا اظہار کیا ہے۔
سحر کامران نے ایسے تشدد اور جارحیت کے اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات صرف کشیدگی کو بڑھاتے ہیں اور امن و خطے میں استحکام کے امکانات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کا پرامن حل ہی واحد راستہ ہے جس سے عالمی سطح پر امن قائم رہ سکتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پرامن مذاکرات اور باہمی احترام کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے، تاکہ خطے میں امن اور تعاون کی فضا قائم رہ سکے۔
مزید پڑھیں: زرداری محسنِ جمہوریت، آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس بنانا احسن اقدام ہے، سحرکامران
سحر کامران نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن اور بین الاقوامی تعلقات میں تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور خطے میں تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرے گا۔











