اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے ضلع کچہری کے باہر خودکش حملے کی مذکت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔
بار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دہشتگرد حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش ہے۔ اور بار ایسوسی ایشن شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔ وحشیانہ فعل کے خلاف اسلام آباد کی تمام عدالتوں میں 12 سے 14 نومبر تک سوگ رہے گا۔
بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ اسلام آباد بار کونسل اور ماتحت بار ایسوسی ایشنز کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ افسوسناک واقعے کی فوری طور پر شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں۔
بار کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد بھر کی تمام عدالتوں میں سکیورٹی بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد دھماکہ: اے آئی کی مدد سے 92 فوٹیجز اکٹھی، حملہ آور ایک شخص تھا، آئی جی
دوسری جانب لاہور بار ایسوسی ایشن نے بھی کل سوگ اور مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر قابو پایا جائے۔











