اسلام آباد(محمد زاہد خان) اسلام آباد ضلعی کچہری میں خود کش دھماکہ، 12 افراد شہید 21 زخمی متعدد ہلاکتوں کا خدشہ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ضلعی کچہری کمپلیکس میں دھماکے کے نتیجے میں خوفناک صورتحال پیدا ہو گئی ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ریسکیو حکام کے مطابق 12 لاشوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 21 زخمیوں کو اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں طبی امداد دی جا رہی ہے عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ کچہری کے احاطے میں اس وقت ہوا جب عدالتوں میں معمول کی کارروائی جاری تھی دھماکے کے بعد وکلاء ججز اور سائلین میں بھگدڑ مچ گئی امدادی ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ کچہری کی عمارت کو خالی کرا لیا گیا ہے ذرائع کے مطابق دھماکے میں بلاسفیمی بزنس گروپ کیس کی متاثرہ فیملیز کے وکیل بیرسٹر طلحہ بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت نازک ہے دھماکے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ تمام عدالتوں کی کارروائیاں فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں ججز اور وکلاء کو عقبی راستے سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت اور ہدف سے متعلق باضابطہ مؤقف سامنے آئے گا۔











