منگل,  14 اکتوبر 2025ء
وزیراعلیٰ کے پی کے حلف کا معاملہ: پشاور ہائیکورٹ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

پشاور(روشن پاکستان نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں  نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گورنر سرکاری دورے پر گئے ہے وہ کل 2 بجے واپس آئیں گے۔

اس پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ  گورنر نے حلف کے بارے میں کیا کہا؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر نے استعفے کی منظوری کے لیے علی امین گنڈاپور کو بلایا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ  آپ یہ بتائیں کہ گورنر نے رضامندی ظاہر کی ہے حلف برداری کے لیے یانہیں؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ گورنر کو آنے دیں، وہ فیصلہ کریں گے،  گورنر نے عامر جاوید کو دلائل کے لیے نامزد کیا ہے۔

عامر جاوید ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گورنر کے لیے انتظار کریں ،کل تک وہ آجائیں تو سب ہو جائے گا، نئے وزیر اعلیٰ آنے تک پرانا وزیر اعلیٰ دفتر چلائے گا۔

اس پر عدالت نے کہا کہ  وہ تو تب ہوگا جب الیکشن نہیں ہوگا، یہاں تو الیکشن ہوا ہے، دیگر جماعتوں نے بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

عامر جاوید نے کہا کہ کل گورنر جب آئیں گے تو ہوسکتا ہے وہ استعفیٰ منظور کریں اور حلف لیں، حکومت کے پاس جہاز بھی ہے، اگر جلدی ہے تو جہاز بھیجیں وہ رات کو آجائیں گے، اس پرعدالت نے کہا کہ کیا گورنر پبلک فلائٹ سے آتا ہے،  عامر جاوید نے بتایا کہ جی گورنر پبلک فلائٹ سے سفر کرتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

مزید پڑھیں: سینیٹر مشتاق احمد خان پر تنقید کرنے والے گلوکار جواد احمد کو سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل کا سامنا

دوسری جانب جے یو آئی (ف) نے نومنتخب وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل چیلنج کردیا جس سلسلے میں رکن صوبائی اسمبلی لطف الرحمان نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا اور دوسرے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگیا، نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے انتخاب کا عمل غیرقانونی و غیرآئینی ہے، سہیل آفریدی کے بطور وزیراعلیٰ کےانتخاب کےعمل کوکالعدم قرار دیاجائے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی گزشتہ روز 90 اراکین کی حمایت سے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے جب کہ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا نے ابھی تک علی امین گنڈاپور کے وزارت اعلیٰ کے عہدے سے دیا گیا استعفیٰ قبول نہیں کیا اور اعتراض لگا کر واپس بھیج دیا۔

مزید خبریں