اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) قومی اسمبلی کی رکن اور تحریک انصاف کی معروف رہنما سحر کامران نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی اور اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ سحر کامران نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ایمان، دوستی اور بھائی چارے کے گہرے رشتے کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں انہوں نے کہا، “پاکستان اور سعودی عرب نے پچھلے آٹھ دہائیوں سے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنی دوستی کو لازوال بنایا ہے۔ آج کا یہ معاہدہ اس تعلق کو مزید گہرا اور مستحکم کرے گا، جہاں ایک ملک کی سلامتی دوسرے کی سلامتی کے مترادف ہوگی۔”
سحر کامران نے عالمی اور علاقائی سیکیورٹی کے غیر یقینی حالات میں اس معاہدے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، “یہ معاہدہ مسلم امہ کے لیے نہایت ضروری اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ نہ صرف ایک دفاعی ڈھال ہے بلکہ ایک واضح پیغام بھی کہتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔”
انہوں نے سعودی قیادت کی بھی بھرپور تعریف کی اور کہا، “سعودی عرب مسلم دنیا کی ایک نمایاں اور مؤثر آواز ہے، جو ملک سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں امت مسلمہ کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کر رہا ہے۔”
مزید پڑھیں: پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، ملک کی اقتصادی اور ثقافتی روابط میں مزید بہتری آئے گی،سحرکامران
سحر کامران کے اس موقف کو ملکی و عالمی حلقوں میں نہایت مثبت انداز میں لیا جا رہا ہے، جہاں اس معاہدے کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔