اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں امن کانفرنس اور ایوارڈز 2025 کا انعقاد عالمی یومِ امن کے موقع پر کیا گیا۔ اس باوقار تقریب کا اہتمام ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے کیا، جس کی صدارت چیئرمین جمشید حسین نے کی۔
تقریب میں ملک و بیرونِ ملک سے آئے ہوئے سفارتکاروں، پالیسی سازوں، انسانی حقوق کے علمبرداروں، صحافیوں، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ آغاز تلاوتِ قرآن پاک، قومی ترانے اور انسانی حقوق پر مبنی مختصر ڈاکیومنٹری سے ہوا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق ایئر چیف مارشل سہیل امان تھے، جنہوں نے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو امن ایوارڈز سے نوازا۔ ان میں نمایاں نام ایئر کموڈور (ر) شبیر احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، حاجی عبدالرزاق آفریدی، اختر علی، عشرت ساقب، محمد احمد شاہ، ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان (مرحوم)، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، اوریا مقبول جان، اور اویس رضا شامل ہیں۔
تقریب کے دوران “امنِ عالم میں پاکستان کا کردار” کے عنوان سے مذاکرہ بھی منعقد ہوا، جس میں مشعال ملک، حافظ حفیظ الرحمان، محمد نوید انور اور صدیق انظر نے اظہارِ خیال کیا۔
ایوارڈز کے دوسرے مرحلے میں محمد فاروق رحمانی، فیصل بٹ، مریم کیوان، سلمان خان، ساجد رحمان عثمانی، ساجد علی اور دیگر شخصیات کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ سیلاب متاثرین کی خدمات کے اعتراف میں بھی مختلف سماجی کارکنان اور وکلا کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔
تقریب میں ثقافتی و موسیقی پروگرامز اور مختصر خطابات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مقررین میں سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، سیدہ حمنہ بتول، جویریہ صدیق، اوریا مقبول جان، جسٹس (ر) مدثر خالد عباسی اور مولانا ہدایت الرحمان بلوچ شامل تھے۔
تقریب کا اختتام امن، مکالمے، انسانی حقوق کے تحفظ اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔ شرکاء نے کانفرنس کو ایک مؤثر اقدام قرار دیا جو پاکستان کے امن پسند تشخص کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔