اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے: “کیا یہ طے ہو گیا ہے کہ پی ٹی وی کی قبر بنا کر، اس پر کتبہ لگا کر فاتحہ پڑھنی ہے؟”
یہ بیان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے حالیہ اجلاس کے بعد سامنے آیا، جس میں وزارت اطلاعات کی کارکردگی اور پی ٹی وی کی بدترین حالت پر شدید تشویش ظاہر کی گئی۔ اجلاس کے دوران کمیٹی ارکان نے نشاندہی کی کہ قومی نشریاتی ادارہ عملی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، اور وزارتِ اطلاعات کمیٹی کی بارہا ہدایات کے باوجود اصلاحی اقدامات اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔
سب سے افسوسناک امر یہ ہے کہ پی ٹی وی کے ملازمین کو عید جیسے اہم موقع پر بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، جس نے ادارے میں موجود بے یقینی اور مالی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، ملک کی اقتصادی اور ثقافتی روابط میں مزید بہتری آئے گی،سحرکامران
اراکین کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی وی کو فوری طور پر مستحکم کرنے اور ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر یہ ادارہ قومی سطح پر اپنا وقار مکمل طور پر کھو بیٹھے گا۔