پیر,  07 جولائی 2025ء
قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی کی زبوں حالی پر شدید تحفظات، سحر کامران کی وزارتِ اطلاعات پر کڑی تنقید

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “کیا یہ طے ہو گیا ہے کہ پی ٹی وی کی قبر بنا کر، اس پر کتبہ لگا کر فاتحہ پڑھنی ہے؟”

انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ جس پر ماضی میں ملک کی شناخت، ثقافت اور اطلاعات کی فراہمی کی بھاری ذمہ داری تھی، آج مالی بدحالی کا شکار ہو چکا ہے۔ سحر کامران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کو عید جیسے اہم تہوار پر بھی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جو کہ نہ صرف ملازمین کے لیے تکلیف دہ ہے بلکہ ایک قابلِ شرم رویہ ہے۔

قائمہ کمیٹی نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی کارکردگی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت، کمیٹی کی ہدایات کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے، جو کہ پارلیمانی بالادستی کے منافی ہے۔

اراکین کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی وی کی فوری مالی بحالی اور انتظامی اصلاحات کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ ادارہ اپنے قومی کردار کو بحال کر سکے۔

اجلاس میں پی ٹی وی کے موجودہ مالی بحران، انتظامی بدانتظامی اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، تاہم کمیٹی اراکین نے پیش کردہ اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔

پیپلز پارٹی بجٹ کی حمایت مشروط کرے گی، حکومت کو خبردار کر دیا: سحر کامران

پارلیمنٹ کے ذریعے اداروں کی شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کی کوششوں میں یہ اجلاس ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت پی ٹی وی کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔

 

مزید خبریں