اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے جرمن وفاقی وزارت خارجہ کے سینئر مندوب ٹوبیاس کراؤس نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے حالیہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنی روایتی دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھا ہے بلکہ جدید جنگی تکنیکوں اور فضائی مہارت کے میدان میں بھی اپنی برتری ثابت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سچائی پر مبنی مؤقف دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کر رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جانا پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی ہے۔
سینیٹر شہزاد وسیم نے چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان حالیہ بیجنگ مذاکرات کو خطے میں امن اور ترقی کے لیے سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینا ایک تاریخی قدم ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف افغانستان میں استحکام کا باعث بنے گی بلکہ علاقائی خوشحالی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو بھی مضبوط کرے گی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں پائیدار امن و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔