جو آج کامیابی کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، وہی جنگ کو جعلی قرار دے رہے تھے: عظمٰی بخاری

لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی زیرنگرانی پاکستان نے بھارت کے خلاف ’’بنیان المرصوص‘‘ آپریشن کامیابی سے سر انجام دیا۔میں ان لوگوں کو جواب دینا ضروری نہیں سمجھتی جو 9 مئی جیسے قومی سانحے کو فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہیں۔علیمہ خان اور پی ٹی آئی رہنما مسلسل پاکستان فوج کے خلاف بیانیہ بناتے رہے اور جنگ جیسے حساس معاملے کو ڈرامہ قرار دیتے رہے۔ نواز شریف نہ صرف پاکستان کے سب سے بڑے عوامی لیڈر ہیں بلکہ ان کی قیادت میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سمت واضح ہوتی ہے۔

پاک ،بھارت حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنگی حکمت عملی وزیراعظم نے پاک فوج اور نواز شریف سے مشاورت کے بعد ترتیب دی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے عالمی سطح پر سرخرو کامیابی حاصل کی۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کو مکمل اختیارات دیدیئے تھے۔ 10 مئی کو دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ آج دنیا اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ پاکستان کی حکمت عملی مؤثر اور کامیاب تھی، سوائے ان عناصر کے جو ہر صورت میں اپنی سیاسی بقا ءکو ملکی مفاد پر ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ختم ہوئے ابھی 48 گھنٹے بھی نہیں گزرے اور ملک میں طوفانِ بدتمیزی برپا کر دیا گیا ہے۔ جو لوگ آج اس کامیابی کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، وہی کل اسے جعلی قرار دے رہے تھے۔

عظمیٰ بخاری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی جنون کا شکار ہو چکا ہے، لیکن پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے۔ نواز شریف اور آرمی چیف دونوں نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، مگر دفاع کا حق ہمیشہ محفوظ رکھے گا۔

مزید پڑھیں: نریندر مودی تیرا شکریہ

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا، اور آج بھی پاکستان ہر محاذ پر مضبوط اور متحد ہے۔

مزید خبریں