هفته,  26 اپریل 2025ء
لاہور صرف ایک شہر نہیں، زندہ تاریخ کا میوزیم ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور صرف ایک شہر نہیں بلکہ زندہ تاریخ کا میوزیم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن کے 25 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد میں تاجکستان، ازبکستان، ترکیہ، ایران اور دیگر ممالک کے مندوبین شامل تھے۔

وفد کی سربراہی اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان نے کی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ای سی او وفد کے شرکا کو بریفنگ دی۔

وزیراعلی پنجاب نے لاہور کو ای سی او کیپٹل قرار دینے میں معاونت پر ترکمانستان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہاکہ ای سی او کے معزز مہمانوں کی موجودگی ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدیم اور جدید ثقافت کے شہر لاہور سے محبت ہے،سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی نگرانی میں لاہور کی ثقافتی بحالی کیلئے کوشاں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لاہور صرف ایک شہر نہیں بلکہ زندہ تاریخ کا میوزیم ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کی گلیوں میں تہذیب کی خوشبو ہے، آثارقدیمہ ماضی کی عظمت کے گواہ ہیں،لاہور کے لوگ پیار اور محبت کے پیکر ہیں،لاہوریوں کی میزبانی بے مثال ہے،انہوں نے کہا کہ لاہور کے باغات، شاہی قلعے اور یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹس شان و شوکت کا ثبوت ہیں۔

مزید پڑھیں: غربت کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے،مریم نواز

ان کاکہنا تھا کہ لاہور نہ صرف تاریخ کا محافظ ہے بلکہ ذائقوں کا مرکز بھی ہے، پنجاب سیاحوں کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ٹورازم سیکٹر کو ایک نئی صنعت کے طور پر فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں سیاحتی مقامات کو اپ گریڈ کر رہی ہے،ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے،پنجاب کاروبار، ٹیکنالوجی اور سروسز کا ابھرتا ہوا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

اس موقع پر اسد مجید سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں 1992 میں پاکستان ای سی او میں شامل ہوا،ای سی او وفد نے لاہور کی خوبصورتی، ثقافتی بحالی کیلئے پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔

مزید خبریں