اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزارت داخلہ اور پولیس کو شیر افضل مروت کے خلاف تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 فروری تک رپورٹ طلب کر لی۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے شیر افضل مروت کی کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے اور ہراساں نہ کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
شیر افضل مروت نے عدالت میں پیش ہو کر بیان دیا کہ انہوں نے احتجاج کیا اور ریلی نکالی جس کے بعد ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، رات ایک بجے ان کا دروازہ توڑا گیا اور انہیں ہراساں کیا گیا۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پولیس اور ایف آئی اے سے کیسز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے نوٹس لیتے ہیں اور جواب مانگتے ہیں۔
ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کے خلاف تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی۔