لاہور(روشن پاکستان نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے الیکشن نتائج کو جعلی اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ اور تحقیقات کے لیے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
ہفتہ کو منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ تمام آزاد سرویز کے مطابق شہر کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، ایم کیوایم کہیں موجود نہ تھی لیکن عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے اسے جتوایا گیا، بلوچستان سمیت دور دراز علاقوں سے نتائج وصول ہورہے تھے،
انہوں نے کہاکہ ملک کی تجارتی شہ رگ اور اہم ترین شہر کے رزلٹ روک کر جعلسازی کی گئی اور چوتھے پانچویں نمبر پر موجود پارٹی کو پہلے نمبر پر لاکھڑا کیا گیا، کراچی کے عوام اس جعل سازی کو قبول نہیں کریں گے، جماعت اسلامی اس کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے، الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج کو اس کے ہیڈ آفس اسلام آباد تک وسیع کر سکتے ہیں، آزاد امیدوار بھی ہمارے ساتھ مظاہرے میں شریک ہونا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کراچی جارہے ہیں جہاں وہ جماعت کے مقامی قائدین، کارکنان اور شہریوں سے مل کر لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ پنجاب میں واضح طور پر ن لیگ کے حق میں نتائج ترتیب دیے گئے، الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ تھی، یہ عوام، ووٹرز کے ساتھ زیادتی تھی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی الیکشن کے نتیجہ میں جو حکومت بنے گی وہ بھی جعلی ہوگی، عالمی اداروں اور میڈیا نے بھی الیکشن پر سوالات اٹھا دیے، ان انتخابات سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگا، پولرائزیشن بڑھا دی گئی، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوا، قومی انتخابات 2023میں ہونا تھے جو 2024ء میں ہوئے، الیکشن کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس وعدہ کے برعکس بند کردی گئی، سرکاری نتائج کے اعلان میں تاخیر کرکے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، الیکشن کو ماضی کی طرح متنازعہ بنا کر تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔
امیر جماعت نے کہا کہ کراچی میں 100پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل تین بجے شروع ہوا،ایم کیو ایم کے پاس بیلٹ پیپرز 7فروری کو ہی پہنچ گئے، بعض پولنگ سٹیشنز پر ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45نہیں دیا گیا۔ اسلام آباد میں فارم 45کے مطابق ہمارے امیدوار کے 19ہزار ووٹوں کوفارم 47پر 1900میں بدل دیا گیا۔
امیر جماعت نے جماعت اسلامی کے امیدواران اور کارکنان نے جس جوش و جذبے سے مہم چلائی وہ ا نہیں مبارکبا د دیتے ہیں، ووٹرز کااعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام ہے اور جماعت اسلامی اس کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، قوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔