بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
پہلی بار محرم میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس فعال ہے: عظمیٰ بخاری

فیصل آباد(روشن پاکستان نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار محرم الحرام میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس مکمل فعال ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں مجالس اور جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، تمام بڑے جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیے گئے ہیں، مریم نواز محرم الحرام کے جلوسوں کی خود نگرانی کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت دیگر سکیورٹی ادارے مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر مامور ہیں، پہلی بار محرم الحرام میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عزاداروں کے لیے نیاز اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں صبر، استقامت اور رواداری کا درس دیتا ہے، نواسہ رسول ﷺ اور ان کے جانثاروں نے کربلا میں عظیم داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک مثال رہے گی، آج دنیا کے کونے کونے میں اسلام کی روشنی کربلا میں نواسہ رسول ﷺ کی عظیم شہادت کی وجہ سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی تعلیمات انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کو تاقیامت آفاقی کردیا ہے، کربلا میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا کردار بھی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ حضرت غازی عباس کی امام حسینؓ سے وفاداری رہتی دنیا تک مثال رہے گی،ہمیشہ حسینیت انسانیت کے لیے باعث فخر اور یزیدیت لعنت کی مستحق رہے گی۔

مزید خبریں