بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
جو سائل نہیں تھا سپریم کورٹ نے اسے دہلیز پر فیصلہ پہنچاکر ہوم ڈیلیوری کی: خواجہ آصف

سیالکوٹ(روشن پاکستان نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ اس شخص کی دہلیز تک پہنچایا گیا جو سائل ہی نہیں تھا، ہوم ڈیلیوری کی گئی۔

سیالکوٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا اعلیٰ ترین عدلیہ کے بارے میں غیرضروری بیانات سے گریز کرتا ہوں لیکن آئین کی سربلندی کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے، سارا نزلہ سیاستدانوں پہ گرتا رہا ہم وہ سہتے رہے، لوگ پھانسی لگ گئے اور انصاف نہیں ملا، دو دو،تین تین نسلوں سے لوگ انصاف کے منتظر ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر خواجہ آصف کا کہنا تھا فیصلہ ایک شخص کی دہلیز تک پہنچایا گیا جو سائل ہی نہیں تھا، فیصلے کی ہوم ڈیلیوری کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں سنی اتحاد کونسل آئی تھی، پی ٹی آئی کا تو نام و نشان نہیں تھا، سب جانتے ہیں کہ اراکین اپنے پارٹی نشان پر الیکشن لڑتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا موجودہ حالات میں پنڈورا باکس کھل گیا ہے، قومی مستبقل کے لیے یہ اچھی بات نہیں ہے، کل ہم کس ادارے سے کہیں گے کہ آپ نے غیرآئینی کام کیا ہے، الیکشن کمیشن بھی آئینی ادارہ ہے، پارلیمنٹ بھی آئینی ادارہ ہے۔

ان کا کہنا تھا ہمارے اس وقت بھی 209 ممبرز ہیں، آئین کی بہت سی شقوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے، بہتر فیصلے وہ ہوتے ہیں جو عام فہم ہوں اور لب کشائی نہ کی جائے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر آگے کیا ردعمل دین اہے اس کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا، پیر کو پارلیمنٹ میں یہ فیصلہ ہو گا کہ حکومت نظر ثانی کی طرف جائے گی یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا ملک میں دہشتگردی چل رہی ہے، آپریشن پر پی ٹی آئی انکاری ہے، آئینی انارکی پھیلے گی، صورتحال گھمبیر ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ گیم چل رہا ہو اور تماشائی میدان میں گھس آئے ہوں، آئین اور قانون پامال ہو گا تو سب اپنی حدود پار کر جائیں گے۔

مزید خبریں