اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کے فیصلے پر کہنا ہے کہ یہ دونوں کے خلاف آخری کیس تھا، دونوں کی رہائی ہونی چاہئیے۔
اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ بشریٰ بی بی کے خلاف آخری کیس تھا، عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت ہے اور دوسا یہ کیس تھا جس میں رہائی ہوئی، آج عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی ہونی چاہئیے، ہم آج روبکار لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آج عمران خان کی رہائی ہوگی، انشاء اللہ آج انہیں گھر لے کر جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج حق اور انصاف کی فتح ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ قانون کی بالادستی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی مضبوطی سے کھڑے ہیں، قوم کو آزاد عدلیہ مبارک ہو، یہ وہ کیس تھا جس کی بنیاد ہی نہیں تھی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کنول شوذب نے کہا کہ کیس میں خواتین کے حقوق کی دھجیاں اڑائی گئیں، کیس میں جھوٹی گواہیاں پیش کی گئیں، جھوٹی گواہی دینے والوں کو نشان عبرت بنانا چاہئے۔