اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دفتر خارجہ سے ریلی کا آغاز ہوگیا جبکہ ریلی کی قیادت سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی اور ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کر رہی ہیں۔
ریلی میں وفاقی وزراء مرتضیٰ سولنگی، جمال شاہ، انیق احمد اور فواد حسن فواد بھی شریک ہوئے ہیں۔دفتر خارجہ کے ملازمین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد ریلی میں موجود ہے، ملازمین نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم تھام رکھے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ترانے اور ملی نغمے بجائے جا رہے ہیں، ملازمین کشمیر کی آزادی اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نعرے لگا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے 100 سال پہلے اپنی غلامی کے خلاف آواز بلند کی تھی، کشمیر کے بھارت سے جبری الحاق پر بھی کشمیریوں نے جدو جہد کی، کشمیریوں کی چوتھی نسل آزادی کے لیے لڑرہی ہے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے کوشاں ہیں، حق خودارادیت ملنے تک پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، 1947 میں بھی کشمیر نے خودارادیت کا مطالبہ کیا تھا، بھارت نے اس وقت بھی جبری الحاق کیا، اس کے خلاف کشمیر نے آواز اٹھائی۔
نگراں وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ 1987 کے نام نہاد الیکشن کے خلاف بھی آواز بلند کی، یہ چوتھی نسل ہے جو اس ظلم میں مبتلا ہے، بھارت کشمیر کو قبرستان بنا کر یہ نہ سوچے کہ کشمیر میں امن قائم کر دیا ہے۔