اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر اپنی روپوشی ختم کرتے ہوئے اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔
حماد اظہر گزشتہ سال 9مئی کے بعد سے روپوش تھے اور اب تقریباً ایک سال بعد منظرعام پر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل مجھے بانی تحریک انصاف کا پیغام موصول ہوا کہ اب اپ کے باہر آنے کا وقت ہو گیا ہے اور یہاں سے پشاور جا کر قبل از گرفتاری ضمانت لے کر عدالت میں پیش ہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ تم پر تشدد ہو گا اس لیے روپوش ہو جاؤ لیکن اب روپوشی ختم کردی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مراد سعید سمیت اب پارٹی کے تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ میں رؤف حسن سے ملنے کے لیے آیا، ان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم کسی صورت نہیں جھکیں گے۔
واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد حماد اظہر کے خلاف بھی دہشت گردی اور مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں اور وہ کافی عرصے سے روپوش تھے۔
وہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے۔129 سے امیدوار تھے لیکن بعد میں الیکشن سے دستبردار ہوگئے تھے۔











