اتوار,  19 مئی 2024ء
ملک کے تمام فسادات کی جڑ عمران خان ہے،سحرکامران

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی سحر کامران نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی جماعت تحریک انصاف کو نشانے پر رکھ لیا ۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں سحر کامران نے کہاکہ تحریک انصاف ایک ایسی جماعت ہے جس کا وجود پروپیگنڈہ، جھوٹ، انتشار اور افراتفری کی بنیاد پہ قائم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مقصد صرف انتشار پھیلانا ہے، عمران خان نہ آتے تو ملک میں افراتفری اور عدم استحکام نہ ہوتا، معاشی بحران نہ ہوتا،9 مئی جیسا افسوسناک واقعہ نہ ہوتا، اسلام آباد کی گرین بیلٹ نہ جلتی، ہماری معاشرتی اقدار کو ٹھیس نہ پہنچتی، ہیجان انگیزی کو فروغ نہ ملتا، سی پیک کی تکمیل میں خلل نہ پڑتا، ہمارے خارجہ تعلقات کو زک نہ پہنچتی، جمہوری نظام کو نقصان نہ پہنچتا۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کا پروپیگنڈہ اور سوشل میڈیا ٹائیگر فورس جھوٹ پہ مبنی گمراہ کن بیانیہ پھیلا رہی ہے، جیل میں قیدشخص کے مضمون کی بین الاقوامی جریدے میں اشاعت بھی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس میں بیرونی فنڈنگ اور گولڈ سمتھ فیملی کی معاونت شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ بارودی سرنگیں بچھانے کا دعوی کرنے والے، اور آئی ایم ایف کے ایگریمنٹ سے انحراف کرنے والے بانی تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں ملک کی معیشت کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا تھا، جس کا اعتراف اس وقت ان کی جماعت کے وزرا اور رہنمائوں نے کیا تھا۔ اپنے مفاد اور اقتدار کی خاطر اس شخص نے پاکستان پہ ایٹم بم گرانے کی بات کی، اسلام آباد کے ریڈ زون میں جلا گھیراو کیا، 2014 میں چینی صدر کا وزٹ کینسل کرا دیا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ یہ فارن فنڈنگ کے ذریعہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، ان کے عزائم اب سب جانتے ہیں جب ملک استحکام کی طرف جارہا ہو تو یہ سازشی بیانیہ کو فروغ دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے پالیمان، جمہوریت، سیاسی اور معاشی استحکام، خارجہ تعلقات اور قومی وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

سحرکامران نے کہاکہ گندم کی اضافی درامد سے پیدا ہونے والے بحران کی شفاف تحقیقات اور قابل عمل حل نکالنا بہت ضروری ہے۔ سندھ کے نگران وزیر اعلی نے خط لکھ کر وفاق کی نگران حکومت کو گندم درآمد کرنے سے منع کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت بننے کے بعد صوبائی وزیر خوراک جام خان شورو نے بھی امپورٹڈ گندم کی ترسیل فوری طور پہ روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جب مقامی گندم کی فصل تیار تھی تو بیرون ملک سے ناقص کوالٹی کی گندم درآمد کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

 

 

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News