اتوار,  19 مئی 2024ء
اوکاڑا،لیٹر کے نام پر آدھالیٹر پٹرول بیچنے والے مافیازکاراج،عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے

اوکاڑا(روشن پاکستان نیوز)ایک طرف پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور دوسری طرف پٹرول پمپس والوں کی چور بازاری نے لوگوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے ایسے میں ہی اوکاڑا کے دیپال پور روڈ پر قائم مختلف پٹرول پمپس پرلیٹر کے نام پر آدھا لیٹر پٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپس پر چھاپہ مارکارروائیاں کر کے انہیں سیل کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک طرف پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور دوسری طرف پٹرول پمپس والوں کی چور بازاری نے لوگوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے۔ پٹرول پمپس والوں کی طرف سے پٹرول کی مقدار کم رکھنے کے 5حربے جو زیادہ ترآزمائے جاتے ہیں وہ درج ذیل ہیں۔

شارٹ فیولنگ

یہ فراڈ کا ایک عام طریقہ ہے۔ اگر کسٹمر الرٹ نہیں ہے تو اس طریقے سے تیل کی مقدار بخوبی کم کی جا سکتی ہے۔ اس طریقے میں پٹرول پمپ ورکر مشین کے میٹر کو ’ری سیٹ‘ نہیں کرتا چنانچہ صارف کوپوری قیمت ادا کرنے کے باوجود کم پٹرول ملتا ہے

مشین میں الیکٹرانک چپ نصب کرنا

بعض مشینوں میں الیکٹرانک چِپ نصب کی جا سکتی ہے جس کے ذریعے فیول کی مقدار سیٹ کی جا سکتی ہے۔ مثال کے طور پر اس چپ سے اگر 1000ملی لیٹر کی بجائے 970ملی لیٹر مقدار سیٹ کر دی جائے تو مشین ہر ایک ہزار ملی لیٹر پر 30ملی لیٹر پٹرول کم ڈالے گی۔

عام پٹرول کی بجائے سنتھیٹک آئل بھرنا

آج کل کچھ پٹرول پمپس نے لوگوں کو لوٹنے کا یہ نیا طریقہ ڈھونڈا ہے۔ وہ صارفین کی مرضی کے بغیر عام پٹرول کی بجائے ان کی بائیک یا گاڑی میں سنتھیٹک فیول بھر دیتے ہیں جو عام پٹرول سے 5سے 10روپے سستا ہوتا ہے۔

ناقص پٹرول 

پٹرول پمپس پر فراڈ کا یہ طریقہ بہت پرانا ہے۔ اس طریقے میں اعلیٰ کوالٹی پٹرول کے پیسے لے کر ناقص یا ملاوٹ شدہ پٹرول دیا جاتا ہے۔

پٹرول کی قیمت میں ہیر پھیر

صارفین کو پٹرول بھروانے سے قبل پٹرول کی قیمت اچھی طرح چیک کرنی چاہیے۔ بعض پٹرول پمپس پٹرول کی قیمت میں بھی کچھ اضافہ کرکے صارفین کو لوٹتے ہیں۔

ایسے میں اوکاڑا کے دیپال پور روڈ پر قائم مختلف پٹرول پمپس پر پیمانہ جات چیک کیے گئے ،کسی بھی پٹرول پمپ پر کوئی بھی پیمانہ پورا پٹرول نہیں دے رہا تھا، جس پر متعدد پٹرول پمپس کو سیل بھی کیا گیا۔

دیپال پور پر واقعہ پٹرول پمپس پر پٹرول کم ملنے کی شکایات شہریوں کی جانب سے موصول ہو رہی تھیں۔

شہریوں نے متعدد بار انتظامیہ سے شکایت کی کہ دیپال پور روڈ پر واقعہ پٹرول پمپس غیر معیاری اور کم ناپ تول میں ملوث ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں کی گئی۔

گزشتہ روز میڈیا کی ٹیم نے انتظامیہ کے ہمراہ دیپال پور روڈ پر واقع متعدد پٹرول پمپس پر جب پیمانہ جات چیک کیے تو شہریوں کی شکایات درست ثابت ہوئیں اور انتظامیہ نے کم ناپ تول والے پٹرول پمپس کے خلاف فوری ایکشن بھی لیا۔

دیپالپور روڈ پر واقعہ پیٹرول پمپس پر جب پیمانہ چیک کیا گیا تو تقریبا 20 ملی لیٹر کم پٹرول فی لیٹر دیا جا رہا تھا، ضلعی انتظامیہ کے آفیسر نے بتایا کہ اگر چھ ملی لیٹر پٹرول کم یا زیادہ ہو تو اس کے لیے گنجائش موجود ہے، چھ ملی لیٹر سے کم پٹرول پر کاروائی کی جاتی ہے اور ہم اس پٹرول پمپ کے خلاف بھی کاروائی کر رہے ہیں جس کے بعد مذکورہ پٹرول پمپ کو سیل کر دیا گیا۔

اس کے بعد ایک اور پٹرول پمپ پر جب ان کا پیمانہ چیک کیا گیا تو وہاں پر بھی پٹرول تقریبا 70 سے 80 ملی یٹر کم نکلا۔

کچھ پٹرول پمپس پر تو ایک لیٹر کے نام پر آدھا لیٹر پٹرول فروخت کیا جا رہا تھا اور شہری متعدد بار ایسے پٹرول پمپس کے خلاف شکایات بھی درج کروا چکے تھے کہ ان کو لوٹا جا رہا ہے اور پٹرول پمپ کی انتظامیہ شکایت کرنے پر الٹا دھمکیاں بھی دیں تاہم ایسے تمام پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پٹرول پمپ سیل کر دیے گئے ۔

شہریوں نے پٹرول پمپس کے خلاف ایکشن لینے پر ضلعی انتظامی اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوکاڑا شہر کے دیگر علاقہ جات میں واقع پٹرول پمپس پر بھی ایسے ہی چھاپا مار کاروائیاں کی جائیں اور ذمہ داروں کو جرما نے کر کے عوام کو اس مہنگائی کے دور میں نجات دلائیں ۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ شہر کے تمام پٹرول پمپس پر بھی ایسے ہی چھاپے ماریں گے اور ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News