منگل,  21 مئی 2024ء
یوم مزدور، یکم مئی 2024 کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا پیغام

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اععظم شہبا شریف یوم مزدور کے حوالے سے جاری بیان میں کہاہےکہ آج ہم ملک کے ان تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو رزق حلال کے حصول کی خاطر کھیتوں، کھلیانوں، کارخانوں اور مختلف شعبوں میں محنت سے دن رات اس ملک کی معیشت اور اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں.

یہ لوگ نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے دن رات ایک کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کے لیے بھی اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کے عین مطابق ہم پاکستانی افرادی قوت کے حقوق کے فروغ، مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات اور گھریلو ملازمتوں پر مامور افراد کیلئے قانون سازی کو بین الاقوامی معیار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ہم جلد ہی اس مقصد کے لیے ایک قومی لیبر کانفرنس منعقد کریں گے۔

کان کنی کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیم برائے لیبر کے 176 ویں کنونشن کی توثیق کے لیے بھی حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اس کا مقصد کان کنوں کے کام کے دوران تحفظ اور انکی صحت کو یقینی بنانا ہے۔

پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے اور مجھے اس بات کا بھی بخوبی ادراک ہے کہ موجودہ مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے ذیادہ متاثر کیا ہے۔

حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

ہم بہتر اور کم لاگت رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات

مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہو۔

اس طرح ہمارے مزدور پاکستان کی طاقت بنیں گے۔

اس موقع پر میں بالخصوص ایسی باہمت خواتین جو اپنے خاندان کیلئے روزی کمانے کیلئے معاشرے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں انکے حوصلے وعزم کی داد دونگا اور انکی عظمت کو سلام پیش کرونگا.

پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

معیشت کو بحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں مستقل مزاجی سے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔

ہمیں امید ہے کہ مالی و اقتصادی استحکام کے موجودہ مثبت رجحان کے نتیجے میں معاشی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

روزگار کے نئے مواقع سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کیلئے ہنر مند اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت ہو گی۔

حکومت پاکستان نے پاکستانی افرادی قوت کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے ملک کے نوجوانوں کے لیے تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔

آئیے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر محنت کش کی قدر ہو، عزت ہو، انہیں یکساں ترقی کے مواقع میسر ہوں اور ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام محنت کش افراد بااختیار ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ملکِ پاکستان کی خوشحالی کے لیے ہماری مخلصانہ کوششوں میں ہماری رہنمائی فرمائے۔ آمین

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News